جموں و کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے کی مذمت

سید علی شاہ گیلانی اور مسرت عالم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ: محمد فاروق حسین
حیدرآباد /17 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے جموں و کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے اور پاکستان کی حمایت میں نعرے بازی کی سخت مذمت کرتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی اور مسرت عالم کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے، تاہم بی جے پی اور پی ڈی پی نے صرف سیاسی اغراض کی تکمیل کے لئے مخلوط حکومت تشکیل دی، جس کے بعد کشمیر میں دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے حامیوں کو جیلوں سے رہا کیا جا رہا ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کے صدر سید علی شاہ گیلانی اور علحدگی پسند قائد مسرت عالم کو جلسہ عام کی اجازت دینا بہت بڑی غلطی ہے، جس کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور چیف منسٹر جموں و کشمیر کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہئے، یا کم از کم ملک کے عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے، کیونکہ اس معاملے میں بی جے پی اور پی ڈی پی برابر کی ذمہ دار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ملک کی داخلی سکورٹی کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، بلکہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جب کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ملک سے غداری کرنے والوں کو سزا دینے کی بجائے ان کے خلاف صرف ایف آئی آر درج کرنے اور انھیں گھروں میں نظربند رکھنے پر اکتفا کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کا انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا اور اب پاکستان کی حامی پی ڈی پی سے سیاسی اتحاد کرکے جموں و کشمیر میں مخلوط حکومت تشکیل دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت میں ملک کے سرحدی علاقوں میں چین اور پاکستان کی دراندازی بڑھ گئی ہے۔