جموں و کشمیر میں نشہ آور اشیاء کی فروخت پر 3000 افراد گرفتار

جموں ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام) : حکومت جموں و کشمیر نے آج بتایا ہے کہ گذشتہ 3 سال کے دوران ریاست میں نشہ آور اشیاء اور کشیدہ شراب کی فروخت کرنے کے الزام میں 3273 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ وزیر فینانس ڈاکٹر حسیب تراب نے اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے ستہ پال شرما کو ایک تحریری جواب میں بتایا کہ نشہ آور اشیاء کی فروخت کرنے پر علاقہ جموں میں 2180 اور علاقہ کشمیر میں 1093 کو گذشتہ 3 سال سے 31 دسمبر 2014 تک گرفتار کیا گیا ۔ جب کہ 543 افراد کو سزاء سنائی گئی ۔ علاوہ ازیں شراب کی اسمگلنگ کے الزام میں 419 افراد کو گرفتار کر کے 9.54 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا ۔

بیوی کی ناک کترنے پر شوہر کو سزاء قید
نئی دہلی ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سیشن کورٹ نے آج ایک شخص کو حالت نشہ میں اپنی بیوی کی ناک کترنے کے الزام میں دی گئی سزاء کو برقرار رکھا ہے اور بتایا کہ متاثرہ خاتون کے بیان اور میڈیکل رپورٹ سے اس کا جرم ثابت ہوگیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پردیپ چڈھا نے دہلی کے ایک شہری مہیش سنگھ کی عرضی کو مسترد کردیا جس میں انہیں ایک سال کی سزاء قید سے متعلق مجسٹریل کورٹ کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ استغاثہ کے بموجب ملزم مہیش سنگھ نے حالت نشہ میں 15 مئی 2011 کو اپنی بیوی سے گالی گلوج کی ۔ جب خاتون نے منع کیا تو برہمی کی حالت میں شوہر نے ناک کتر دی ۔