جموں۔ 20 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج جموں و کشمیر میں مسلم رائے دہندگان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اب پارٹی سماج کے کسی بھی طبقہ کیلئے ’’اچھوت‘‘ نہیں رہی۔ بی جے پی مسلم مورچہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی جنرل سکریٹری اشوک کول نے کہا کہ مسلم ووٹوں کے بغیر اتنی نشستوں پر بی جے پی کامیابی حاصل نہیں کرسکتی تھی ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی مسلم مورچہ نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ووٹوں کے بغیر بی جے پی کیلئے اتنی نشستوں پر کامیابی ممکن نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کشمیر کے 12 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی نے کانگریس سے زائد ووٹس حاصل کئے اور صوبہ میں پارٹی ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے۔ اشوک کول نے وضاحت کی کہ بی جے پی ایک مختلف پارٹی ہے اور وہ سماج کے کسی بھی حصہ کیلئے اچھوت نہیں ہے۔ وہ سماج کے تمام طبقات کی بہبود کیلئے کام کرتی ہے۔