سرینگر۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سنگباری کے دو واقعات کے سوائے وادیٔ کشمیر میں بحیثیت مجموعی صورتحال آج پرامن رہی جبکہ مسلسل تیسرے دن کرفیو کا سلسلہ جاری ہے۔ علیحدگی پسندوں کی جانب سے ترال کے علاقہ میں احتجاجی جلوس کی اپیل کے پیش نظر امتناعی احکام ہنوز برقرار رکھے گئے ہیں۔ سرینگر میں کرفیو جیسی صورتحال جاری ہے۔ سخت گیر حریت کانفرنس کے صدرنشین سید علی شاہ گیلانی ، اعتدال پسند کے صدر میر واعظ عمر فاروق اور جے کے ایل ایف کے صدر یٰسین ملک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کثیر تعداد میں ترال پہنچ کر مقتول عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کریں ۔یٰسین ملک کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر علیحدگی پسندوں نے بند کی اپیل کی۔ گیلانی اور میر واعظ کو ان کی قیام گاہوں پر نظر بند کردیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بھی تمام اسکولس اور کالیجس بند کروادیئے جبکہ معمولاتِ زندگی معطل رہے۔