جموں و کشمیر میں سیلاب کے متاثرین کے لیے ممکنہ امداد مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا تیقن

سرینگر ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : یہ ادعا کرتے ہوئے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر کے بارے میں ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج یہ تیقن دیا ہے کہ گذشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے ممکنہ امداد فراہم کی جائے گی ۔ پہاڑی غار میں واقع امرناتھ مندر میں درشن کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی امداد اور باز آبادکاری کے لیے ریاستی حکومت کو زیادہ سے زیادہ مرکزی امداد فراہم کی جائے گی ۔ کیوں کہ وزیر اعظم ہمیشہ جموں و کشمیر کے لیے فکر مند رہتے ہیں ۔ سیلاب کے متاثرین کے لیے 1600 کروڑ روپئے کے تازہ پیاکیج کے بارے میں دریافت کیے جانے پر وزیر داخلہ نے کہا کہ مرکز حکومت یہ فنڈ یکمشت فراہم نہیں کرسکتی بلکہ اقساط میں ادا کرے گی اور ہم نے جو رقومات دئیے ہیں پہلے اسے خرچ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے تعلق سے مرکزی حکومت انتہائی حساس ہے اور گذشتہ سال ستمبر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے فوری بعد امداد و راحت کے اقدامات کئے گئے تھے ۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ سیلاب کے وقت مشکل حالات کا جائزہ لینے کیلئے میں فی الفور دورہ کیا جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی بھی آئے تھے ۔ جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ریاست کے ساتھ کوئی بے حسی نہیں برتی جارہی ہے اور وزیر اعظم نے بھی سیلاب کے فوری بعد معاشی پیاکیج کا اعلان کیا تھا ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے امرناتھ یاترا کیلئے ریاستی حکومت کے انتظامات پر طمانیت کا اظہار کیا ۔۔