چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے آج اعلیٰ سطحی ملاقات، امرناتھ مندر میں پوجا
نئی دہلی 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کل سے دو روزہ دورہ جموں و کشمیر پر جائیں گے جہاں وہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ امرناتھ یاترا کے لئے انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے۔ حال ہی میں سی آر پی ایف قافلہ پر دہشت گردانہ حملے کے باعث وزیرداخلہ کا یہ دورہ ہورہا ہے۔ دورہ کے دوران چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے بھی ملاقات ہوگی۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف منسٹر سے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سلامتی اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ہفتہ کے دن پلوامہ ضلع میں دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے سکیورٹی انتظامات کو مزید چوکس کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ کو ریاست میں کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات سے واقف کروایا جائے گا۔ سرحد پار کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہندوستانی افواج کی چوکسی اور تیاری کے بارے میں جانکاری حاصل کی جائے گی۔ سرحد پار سے دراندازی کے واقعات میں اضافہ کے واقعات کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے ریاست جموں و کشمیر میں تیزی سے سکیورٹی انتظامات کی ہدایت دی تھی۔ وزارت داخلہ نے پہلے ہی سکیورٹی فورس کو حکم دیا ہے کہ وہ ریاست میں سرحدی دراندازی کے بڑھتے واقعات کو ناکام بنانے وزارت داخلہ کی جانب سے 3 رکنی ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے جو ریاست میں سکیورٹی خامیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔
پلوامہ واقعہ میں اگر کسی کے ملوث ہونے کا ثبوت ملتا ہے تو فوری کارروائی کی جائے گی اور کوئی کوتاہی ہونے کا پتہ چلتا ہے تو خاطیوں کو سزا دی جائے گی۔ جموں و کشمیر میں ہم فوجی دستوں کے قافلوں کی روانگی کے دوران دیرینہ تجربہ کو ملحوظ سکیورٹی بندوبست کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کی جانب سے طلب کردہ خصوصی اجلاس میں جموں و کشمیر کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ 2 جولائی سے شروع ہونے والے امرناتھ یاترا کے لئے انتظامات کو بھی مؤثر بنایا جارہا ہے۔ وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاستی سطح پر عہدیداروں سے مسلسل رابطہ رکھا ہے۔ جموں و کشمیر حکومت اس مقام کا دورہ کرنے والے یاتریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ امرناتھ یاترا کے راستوں پر 12,500 سنٹرل پیرا ملٹری نوجوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ 8000 پولیس ملازمین بھی کام کررہے ہیں۔ 48 روزہ اس طویل یاترا پر دہشت گرد حملے کا خطرہ قوی ہے۔راجناتھ سنگھ ریاست جموںو کشمیر کی صیانتی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد امرناتھ مندر میں بھی حاضری دیں گے جو ایک غار میں واقع ہے۔ ایک دہشت گرد حملہ میں جو عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کے قافلہ پر جو پامپور سے گذر رہا تھا 8 فوجیوں کو ہلاک اور 21 دیگر کو زخمی کردیا تھا۔