بین الاقوامی سرحد اورخط ِ قبضہ کے پاس پاکستان کی شلباری پرکانگریس کا تبصرہ
جموں ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کانگریس نے آج کہا کہ بین الاقوامی سرحد اور خط قبضہ پر پاکستان کی جانب سے زبردست شلباری جس کے نتیجہ میں تاحال 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جنگ جیسی صورتحال ہے۔ کانگریس نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا جس نے رمضان میں شرارت اور غلط مہم جوئی کے راستے کا انتخاب کیا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے یکطرفہ طور پر ماہ رمضان کے احترام میں جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ حال ہی میں مرکز نے ایک بڑے پیمانے پر فیصلہ کرتے ہوئے صیانتی فوج کو حکم دیا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران کوئی فوجی کارروائی نہ کی جائے لیکن سرحد پار سے 15 مئی سے روزانہ شلباری جاری ہے جس کے نتیجہ میں 12 افراد بشمول بی ایس ایف کے 2 فوجی جوان ہلاک ہوچکے ہیں۔ کانگریس قائد نے کہا کہ جنگ بندی کی بے شمار خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں اور گزشتہ چار سال کے دوران کئی افراد کی ہلاکت ایک تشویشناک بات ہے جس سے مرکزی حکومت اور پاکستان کے معاہدے کے غیرکارکرد ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔