جموں و کشمیر میں برفباری، چندی گڑھ اور ہریانہ میں بارش

سرینگر/ جموں / چندی گڑھ ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں گزشتہ شب سے جاری برفباری سے عام زندگی ایک بار پھر متاثر ہوگئی ہے ۔ اس طرح اب ریاست جموں و کشمیر کا ملک کے دیگر علاقوں سے سڑک اور فضائی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ گزشتہ شب سے شروع ہوئی برفباری کے بعد وادی میں برقی سربراہی بھی منقطع ہوگئی ہے اور لوگ تاریکی میں رہنے پر مجبور ہیں۔ جموں ، سرینگر شاہراہ پر ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہے ۔ جواہر سرنگ راستوں پر پھسلن پیدا ہوجانے کی وجہ سے گاڑیوں کو آگے برھنے سے روک دیا گیا ہے کیونکہ اس سے حادثات کے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں ۔ فی الحال سرینگر سے جانے والے اور آنے والے طیاروں کو لینڈنگ یا ٹیک آف کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ BRO سے تعلق رکھنے والے اسٹاف اور مشینوں کے ذریعہ سڑکوں پر جمی برف کو صاف کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ سدھرا ، ادھم پور ، رامیان ، کوڈ اور بنی ہال میں کئی مقامات پر گاڑیاں رکی ہوئی ہیں ۔ دوسری طرف چندی گڑھ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہاں شدید بارش ہوئی ہے جبکہ درجہ حرارت میں اضافہ بھی نوٹ کیا گیا ہے ۔ پنجاب اور ہریانہ کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ مطلع آئندہ کچھ دنوں تک ابر آلود رہے گا ۔ چندی گڑھ اور انبالہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امرتسر میں 15.9 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی ہے ۔

ہند۔پاک تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا ضروری
نئی دہلی ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہندوستان نے آج کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی مسائل کے حوالے سے تجارت اور سرمایہ کاری کو یرغمال بنانا نہیں چاہئے ۔ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے ماہرین معاشیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی سے پاک فضاء ہی دونوں ملکوں میں ترقی کو یقینی بناسکتی ہے۔