جموں ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر پولیس کے ایک کانسٹیبل کو دہشت گردوں نے جمعرات کے روز اغوا کر لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اغوا کئے گئے جوان کا نام جاوید احمد ڈار ہے۔ وہ جب میڈیکل اسٹور پر جا رہے تھے، تبھی تین لوگوں نے انہیں اغوا کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ جوان کو کچڈورا گاوں سے اغوا کیا گیا، جانچ اور تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ اغوا کے پیچھے حزب المجاہدین کا ہاتھ ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گرد سینٹرو کار میں آئے تھے اور اسی میں کانسٹیبل کو بھی لے گئے۔ واضح ہو کہ کچڈورا گاوں میں ہی سکیورٹی فورس نے اس سال اپریل میں پانچ دہشت گردوں کو فائرنگ میں مار گرایا تھا۔ قابل غور ہے کہ تقریباََ ایک ماہ قبل فوج کے جوان رائفل مین اورنگ زیب کو دہشت گردوں نے اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔