جموں و کشمیر اسمبلی چناؤ میں ریکارڈ رائے دہی

سرینگر/ رانچی۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں آج کسی ناخوشگوار واقعہ سے پاک پہلے مرحلہ کے اسمبلی انتخابات میں ریکارڈ 71.28 فیصد پولنگ درج کی گئی جبکہ عوام نے 15 حلقوں میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے علحدگی پسندوں کی جانب سے بائیکاٹ کی اپیلیں اور سرد موسمی حالات نظرانداز کردیئے۔ جھارکھنڈ میں بھی نکسل ازم سے متاثرہ 13 حلقوں میں لگ بھگ 62 فیصد کی ریکارڈ پولنگ دیکھی گئی۔ ان دونوں ریاستوں میں 5 مرحلہ کے چناؤ میں یہ افتتاحی مرحلہ رہا۔ جموں و کشمیر میں 2008 ء کے اسمبلی چناؤ میں یہی 15 نشستوں میں 61.23 فیصد رائے دہی درج ہوئی تھی۔ آج کی پولنگ 7 اضلاع پر پھیلی ہوئی تھی۔جھارکھنڈ کی 81 اسمبلی نشستوں میں سے پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں 13 نشستوں پر جملہ 61.92 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو نقصان پہنچانے کے اکا دکا واقعات پیش آئے۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ درست فیصد کا بعدازاں اعلان کیا جائے گا۔

دوسرے مرحلہ کی رائے دہی 20 نشستوں کے لئے 2 ڈسمبر کو اور تیسرے مرحلہ کی رائے دہی 17 نشستوں کے لئے 9 ڈسمبر کو، چوتھی 15 نشستوں کے لئے 14 ڈسمبر کو اور پانچویں اور آخری مرحلہ کی رائے دہی 16 نشستوں کے لئے 20 ڈسمبر کو مقرر ہے۔ 23 ڈسمبر کو رائے شماری ہوگی۔ جھارکھنڈ 15 نومبر 2000 ء کو بہار تقسیم کرتے ہوئے قائم کیا گیا تھا۔ اِس ریاست میں یہ تیسرے اسمبلی انتخابات ہیں۔ سری نگر اور جموں سے موصولہ اطلاعات کے بموجب رائے دہی کا بائیکاٹ کرنے کی علیحدگی پسندوں کی اپیل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور شدید سرد موسم کے باوجود جموں و کشمیر کے 15 اسمبلی حلقوں کے لئے پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں 70 فیصد کی ریکارڈ رائے دہی ہوئی۔ جموں و کشمیر میں 5 مرحلوں پر انتخابات مقرر ہیں۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے کہاکہ رائے دہی کا فیصد جو اب تک جاری کیا گیا ہے عارضی نوعیت کا ہے اور اِس میں دو تا تین فیصد اضافہ ہوسکتا ہے ۔