جموں وکشمیر کا نیا گورنر ہمارا بند ہ ہے :راویندر رینہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

جموں30اگست (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے شعلہ بیان ریاستی صدر راویندر رینا جو کہ اکثر متنازعہ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں، کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی ہے جوبی جے پی کے لئے بڑی شرمسار ثابت ہورہی ہے ، اس ویڈیو میں جموں وکشمیر میں نوتعینات گورنر ستیہ پال ملک سے متعلق انہیں یہ دعویٰ کرتے سناجاسکتا ہے کہ”اب جو گورنر آیا ہے وہ ہمارا بندہ ہے ”۔ ویڈیو میں راویندر رینا اپنے ارد گرد چند لوگوں سے یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں”میں نے چار دن پہلے آپ سے کیا کہاتھا، کہ ہم اس گورنر(این این ووہراہ)کو نہیں رکھنا چاہتے ، ہم نیا گورنر لارہے ہیں،اب جو گورنر آیا ہے ، وہ ہمارا بندہ ہے ، آپ پریشان نہ ہوں، اب کچھ نہیں ہونے والا”۔مسٹررینا نے مزید کہاکہ سابقہ گورنر این این ووہراہ اپنے نظریہ پر یقین رکھتے تھے لہٰذا ہم نے اس کو تبدیل کر دیا۔یاد رہے کہ ستیہ پال ملک نے گذشتہ ہفتہ جموں وکشمیر کے نئے گورنرکے طور پر حلف اٹھایاتھا۔ متعدد کا ماننا ہے کہ گورنر این این ووہرا جوکہ دس برس تک گورنر رہے ، کو شاندار الوداعیہ نہیں دیا گیا۔ضلع راجوری کے نوشہرہ علاقہ سے پہلی مرتبہ ایم ایل اے منتخب ہوئے راویندر رینا کو رواں برس ہی چند ماہ قبل بی جے پی کا ریاستی صدر بنایاگیاہے ۔