سری نگر ؍جموں، 24جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سری نگر اور جموں میں سخت ترین حفاظتی حصار میں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ ریاست کے باقی دوسرے ضلع ہیڈکوارٹروں میں بھی سخت سیکورٹی انتظامات میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ریہرسل تقریب میں سخت سردی کے باوجود مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے پریڈ میں حصہ لیا۔
ریہرسل سے قبل اسکولی بچوں اور بچیوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لئے سخت سردی کے باوجود سخت جامہ تلاشی کے مرحلے سے گذرنا پڑا۔ اسکولی اساتذہ نے یو این آئی کے نامہ نگار کو بتایا ‘جامہ تلاشی اور شناخت کی تصدیق کے لئے ہمارے طلبہ و طالبات کو اسٹیڈیم کے باب الداخلے پر منٹوں تک قطار میں ٹھہرایا گیا’۔