جموں وکشمیر سے فوج امدادی سامان لیکر کیرالا روانہ

جموں30اگست (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی فوج نہ صرف سرحدوں پر ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے بلکہ اندرون ملک آفات سماویہ ودیگر مشکلات کا شکار عوام کے دکھ درد میں بھی ان کا سہارا بنتی ہے ۔ اسی جذبہ کے تحت گرُج ڈویژن کی سانبہ بریگیڈ نے رائزنگ اسٹار کارپس کے تحت کیرلہ سیلاب متاثرین کے لئے امداد جمع کی ہے ۔سانبہ بریگیڈ کے فوجی اہلکاروں،افسران، آر می پبلک اسکول، کیندریہ ودیالیہ اور قصبہ سانبہ کی سماجی تنظیموں نے کیرلہ متاثرین کے لئے راشن، صحت وصفائی کیمیکل، کپڑے اور دیگر ضروری سامان عطیہ کیا۔جموں نشین دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے بتایاکہ اس طرح ٹنوں کے حساب سے جمع ریلیف کا سامان سانبہ بریگیڈ کی ٹیم لیکر کیرلہ روانہ ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ انڈین ریلوے نے بھی بھرپور تعاون کیا ہے اور مفت سامان ٹرانسپورٹیشن کے لئے علیحدہ سے ایک ڈبہ فراہم کیا۔یہ امدادی سامان نیشنل ریسورس آرگنائزیشن، کودمبشری کے حوالہ چنگن نور میں سپرد کیاجائے گاجوکہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے ۔