جموں وکشمیر : ستیہ پال ملک کا پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو جواب ، میں صرف گورنر نہیں چیف منسٹر بھی ہوں

جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وہ جموں کشمیر کے صرف گورنر ہی نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ بھی ہیں۔ گورنر موصوف نے گزشتہ روز ضلع ریاسی کے کٹرہ ٹاون میں ایک تقریب کے اختتام کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ ریاست کے صرف گورنر ہی نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ بھی ہیں اور انہیں ہر معاملے پر بیان دینا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی روزانہ بنیادوں پر مرکزی حکومت کی تنقید کرے گا ، تو کسی کو ان کا جواب دینا ہے اور میں اپنی حکومت کا نقطہ نظر عوام کے سامنے رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ راج بھون ہمہ وقت گالف کھیلنے کا کوئی میدان نہیں ہے۔

نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی طرف سے انہیں سیاسی بیانات دینے پر ہدف تنقید بنانے کے سوال کے جواب میں گورنر موصوف نے کہا کہ کیا گورنر ہاوس صرف اس لئے ہوتا ہے کہ گورنر سارا وقت گالف کھیلے؟ گورنر راشٹر پتی ( صدر جمہوریہ) کا نمائندہ ہوتا ہے۔ راشٹر پتی کی دہلی میں سرکار ہے، تم روز اس سرکار کو گالی دو گے ، تو کوئی تو اس کا جواب دے گا۔ میں ابھی صرف گورنر نہیں ہوں ، میں چیف منسٹر بھی ہوں ۔ جس سرکار کی میں نمائندگی کرتا ہوں ، مجھے اس کا نقطہ نظر بھی سامنے رکھنا ہے۔ یہ کونسی سیاست ہے۔

فوج کو بھر پور حمایت وتعاون کرنے کے عزم کو دوہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور فوج کے ساتھ رہوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں اپنے فوجیوں کے ساتھ ہوں ۔ دریں اثنا پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نعیم اختر نے گورنر کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کو رہنمائی کے لئے ریاست کے سابق گورنروں کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔