جموں وکشمیر بلدی چنائو ، مشترکہ مزاحمتی قیادت کی 8 اکتوبر کو ہڑتال

سری نگر ، 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جموں وکشمیر میں میونسپل اور پنچایتی انتخابات کے آغاز پر8 اکتوبر کو پورے جموں وکشمیر میں مکمل احتجاجی ہڑتال کی کال دی ہے ۔ ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت 8 اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے ۔ مزاحمتی قیادت نے 8 اکتوبرکو پورے جموں وکشمیر جبکہ بلدیاتی انتخابات کی باقی تاریخوں یعنی10 اکتوبر، 13 اکتوبر اور16 اکتوبر2018 ء کو جن جن علاقوں میں میونسپل انتخابات ہو رہے ہیں اس دن اُن اُن علاقوں میں احتجاجی ہڑتال کرنے اور ان انتخابات سے عملاً مکمل طور لا تعلقی کا اظہار کرنے کی اپیل کی ہے۔
مزاحمتی قائدین نے الزام لگایا ہے کہ ان انتخابات کی آڑ میں یہاں پہلے سے ہی لاکھوں کی تعداد میں موجود فورسز میں مزید اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس طریقہ کار سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ حکمران طبقہ پہلے سے ہی موجود پولیس و فورسز کے ذریعے لوگوں کو طاقت اور تشدد کے بل پران انتخابات کا حصہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔