سرینگر ۔ 5 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموںو کشمیر اسمبلی میں آج نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے شدید احتجاج کے دوران ریاست میں جی ایس ٹی پر عمل آوری کیلئے قرارداد منظور کرلی گئی۔ اس کے ساتھ ہی اب ملک کی تمام ریاستوں میں جی ایس ٹی پر عمل ہوگا ۔ ریاستی وزیر فینانس حسیب درابو نے کل قرارداد پیش کی تھی ، اسے آج صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ منظور کرلیا گیا جس میں مرکز سے خواہش کی گئی کہ ریاست کو خصوصی موقف اور مخصوص ٹیکس اختیارات کا تحفظ کرے۔ انھوں نے کہاکہ اس صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ دستور کی دفعہ 370 پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیاہے ۔ دو دن کے مباحث کے بعد قرارداد ندائی ووٹ سے منظور کی گئی جبکہ نیشنل کانفرنس ، کانگریس ، سی پی آئی ایم اور آزاد ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا۔ قبل ازیں مباحث کا جواب دیتے ہوئے حسیب درابو نے کہاکہ مرکز پر زور دیا گیا ہے کہ جی ایس ٹی پر ریاست میں عمل آوری کے ساتھ ساتھ خصوصی موقف اور مخصوص ٹیکس اختیارات کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔