جموں وکشمیر:گذشتہ دو برسوں میں گولہ باری میں 25 افراد ہلاک

جموں، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر میں گذشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جبکہ 162 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ریاستی حکومت نے یہ معلومات جمعرات کو یہاں قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی رکن اسمبلی راجیش گپتا کے ایک سوال کے تحریری جواب میں دیا۔تحریری جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران ایل اور سی اور بین الاقوامی سرحد پر 94 جنگجو مارے گئے جبکہ تین دیگر گرفتار کئے گئے ۔ جواب میں کہا گیا کہ سرحدی گولہ باری کے نتیجے میں 224 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ 80 رہائشی مکانات کو ضلع جموں میں نقصان پہنچا ہے ۔حکومت نے اپنے جواب میں کہا ہے سرحدی گولہ باری کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 25 میں سے 23 افراد کے ورثاء میں 23 لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا ریلیف تقسیم کی گئی ہے ۔ جبکہ دیگر دو مہلوکین کے ورثاء کو ایکس گریشیا ادا کرنے کی کاروائی جاری ہے ۔گذشتہ دو برسوں کے دوران زخمی ہونے والے افراد میں 6 لاکھ 20 ہزار روپے جبکہ 65 مکان مالکان کے حق میں 43 لاکھ 66 ہزار روپے بطور ریلیف تقسیم کئے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان نومبر 2003 میں سرحد پر جنگ بندی معاہدہ ہوا۔ جب سے لیکر اب تک دونوں ممالک ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کررہے ہیں۔