جموں وکشمیر:مویشیوں کی منتقلی کیخلاف گاؤرکشکوں کی سرگرمیاں تیز

درجنوں مویشی اور گاڑیاں ضبط ۔عیدالاضحی سے قبل جانوروں کی منتقلی روکنے کی غیرقانونی کوششیں

سرینگر، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ڈوڈہ اور ادھم پور اضلاع میں 45 مویشیوں کو مبینہ طور پر وادی کشمیر اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ ریاستی پولیس نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران جموں کے مختلف اضلاع بالخصوص راجوری، کٹھوا، پونچھ اور ریاسی میں مویشیوں کی ٹرانسپورٹیشن کے خلاف مہم تیز کرتے ہوئے کم از کم 300مویشی اور دو درجن گاڑیاں ضبط کیں۔اس کے علاوہ قریب ایک درجن افراد کو حراست میں لیا گیا۔ بیشتر مویشیوں اور گاڑیوں کو مغل روڈ کے راستے وادی کشمیر پہنچانے کی کوششوں کے دوران ضبط کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ عیدالاضحی سے قبل جموں کے مختلف علاقوں سے مویشیوں کو کشمیر پہنچانے کی کوششوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوتا ہے اور ریاستی پولیس نے گذشتہ چند برسوں کی طرح امسال بھی ان کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے جموں کے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکے بٹھائے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں خطہ میں گذشتہ چند برسوں کے دوران مویشیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والوں پر تشدد کے متعدد واقعات بھی پیش آئے ۔ چند روز قبل ہی ضلع راجوری میں مبینہ گاؤ رکشکوں نے ایک 70 سالہ معمر شخص لال حسین کو اپنی دو بھینسیں کہیں لے جانے کے دوران پیٹ پیٹ کر شدید زخمی کردیا۔گوجر بکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والا لال حسین کا کہنا ہیکہ حملہ آوروں نے مجھے ڈرین میں پھینکنے سے قبل میرے پیسے ، میرا موبائیل فون اور میرا شال مجھ سے چھین لیا۔دریں اثنا ریاستی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مویشیوں کی غیرقانونی منتقلی کی تازہ کوششیں جموں کے ڈوڈھ اور ادھم پورہ اضلاع میں ناکام بنائی گئیں۔ انہوں نے بتایاکہ دو افراد کو ادھم پورہ کے جانکنی چوک میں اُس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ 18 مویشیوں کو اپنے ٹرک میں کشمیر اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے ‘۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح ضلع ڈوڈہ میں 28 مویشیوں کو اسمگل کرنے کے دوران ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صرف ایسے مویشیوں کو ضبط کرلیا جاتا ہے جن کے مالکان انہیں ڈسٹرک مجسٹریٹ سے اجازت نامہ حاصل کئے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مویشیوں جیسے گائے ، بھینس اور بیل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لئے مجسٹریٹوں سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے ۔ لیکن عیدالاضحی سے قبل مویشیوں کی غیرقانونی ٹرانسپورٹیشن میں غیرمعمولی اضافہ ہوجاتا ہے ، جس پر قابو پانے کے لئے پولیس مویشیوں اوران کو لے جانے والی گاڑیوں کی ضبطی عمل میں لاتی ہے ۔
امیت شاہ کیرالا کی ساکھ بگاڑنے کوشاں
کننور۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی جن رکشا یاترا کی تیاریوں کے درمیان سی پی آئی ایم نے آج الزام عائد کیا کہ زعفرانی پارٹی کے صدر امیت شاہ کی اس میں شرکت دراصل کیرالا کیلئے مسائل پیدا کرنا ہے۔ سی پی ایم ڈسٹرکٹ سکریٹری پی جے راجن نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ امیت شاہ کو پہلے خود اپنی پارٹی کی حکمرانی والے اترپردیش، مدھیہ پردیش اور ہریانہ میں مارچ نکالنا چاہئے جہاں عدم سلامتی اور لا اینڈ آرڈر کے مسائل ہیں۔