جموں وسرینگر قومی شاہراہ دوسر ے روز بھی ٹریفک کیلئے بند

جموں،26اگست (سیاست ڈاٹ کام)کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی جموں -سرینگر قومی شاہراہ اتوار کو مسلسل دوسرے روز بھی ٹریفک آمدورفت کے لئے بند ہے ۔ضلع رام بن کے رامسو علاقہ میں گذشتہ روز بھاری تودے گرنے کی وجہ سے شاہراہ بند ہوگئی تھی۔ شاہراہ پر دونوں طرف سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ سڑک کو صاف کرنے کے لئے مشینری وعملہ کام پر لگا ہوا ہے ۔ حکام نے بتایاکہ سڑک کو صاف کرنے کا آپریشن جاری ہے جوکہ بارش کی وجہ سے کچھ دیر رک گیاتھا۔ بڑی بڑی چٹانیں شاہراہ پر گری ہیں جن کو ہٹانے کے لئے بلاسٹ بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ کوششیں کی جارہی ہیں کم سے کم مدت میں شاہراہ کو کھولاجائے ۔انہوں نے بتایاکہ جموں اور سرینگر سے کسی بھی گاڑ ی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔سڑک کھلنے کے بعد پہلی ترجیحی پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے پر دی جائے گی۔ایک سنیئر حکام نے یو این آئی کو بتایاکہ شاہراہ پر 900کے قریب گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ پھنسے مسافروں کے طعام وقیام کے لئے بھی کئی مقامات پر انتظامیہ کی طرف سے انتظامات کئے گئے ہیں۔