جموں میں گھمسان لڑائی، 3عسکریت پسند اور 3فوجی ہلاک

جموں؍ نئی دہلی۔/27نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع جموں میں بین الاقوامی سرحد سے متصل ایرینا سیکٹر میں سیکورٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوگئی جس میں9افراد بشمول 3فوجی اہلکار اور 3عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ یہ عسکریت پسند سرحد پار سے گھسنے کی کوشش میں تھے سیکورٹی فورسیس نے انہیں نشانہ بنایا۔ خونریز جھڑپ میں ایک شہری ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی مہم کیلئے کل یہاں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ قبل ازیں فوجی دستوں نے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول سے مداخلت کاری کی کوشش کو ناکام بنادیا اور ایک مشتبہ عسکریت پسند کو گرفتار کرلیا گیا۔ نئی دہلی میں فوج کے ذرائع نے بتایا کہ ارینا سیکٹر میں جھڑپ کے دوران 3فوجی اور 3عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا کہ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے ضلع جموں میں ارینا سیکٹر سے فائرنگ کرتے ہوئے گھسنے کی کوشش کی جس کے ساتھ ہی فوج ، بی ایس ایف اور پولیس پر مشتمل سیکورٹی مشترکہ ٹیم نے فی الفور کارروائی کرتے ہوئے علاقہ کا محاصرہ کیا اور تلاش شروع کردی۔ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے پینڈی کھتر بیلٹ میں فوج کے ایک خالی بنکر پر قبضہ کرلیا جہاں چھپتے ہوئے عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسیس میں گھمسان لڑائی شروع ہوگئی۔

اس لڑائی میں 3عسکریت پسند مارے گئے ۔اس علاقہ سے ایک کاربھی دستیاب ہوئی ہے جسے ممکن ہے کہ عسکریت پسندوںنے استعمال کیا ہوگا۔ دریں اثناء ضلع راجوری میں ایل او سی کے قریب مداخلت کاری کے دوران ایک عسکریت پسند گرفتار کرلیا گیا۔ سیکوریٹی فورسیس نے آج صبح سویرے ایل او سی کے قریب بعض مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی جس کے بعد فوری حرکت میں آتے ہوئے سیکورٹی فورسیس نے مداخلت کاری کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ مشتبہ عسکریت پسندکی تلاشی لینے پر ایک AK-47 اور 30کارآمدگولیاں اور ایک پاکستانی ساختہ پستول اور 8100 پاکستانی کرنسی دستیاب ہوئی جس کی شناخت بحیثیت عبدالقیوم عرف پنجابی کرلی گئی۔ بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے وزیر اعظم کل اضلاع اودھم پور اور پونچھ کا دورہ کرنے والے ہیں، جہاں پر 100 انتخابی جلسوں کو مخاطب کریں گے۔ سیکورٹی فورسیس نے ان علاقوں میں سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔