جموں میں ٹرانسپورٹ ہڑتال سے عام زندگی درہم برہم

جموں۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام) جموں ٹرانسپورٹرس کی عام ہڑتال کے بعد عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔ ٹرانسپورٹرس مسافر کرایوں میں اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ آل جموں اینڈ کشمیر پاسنجر ٹرانسپورٹ ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ تمام گاڑیاں بشمول بس، ٹیکسیاں اور آٹو رکشا سڑکوں سے غائب ہوگئے اوریہاں تک کہ اسکولی طلبہ کی خانگی بسوں نے بھی ہڑتال میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس ہڑتال کے سبب سارے علاقہ میں کاروبار اور عام سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں جس سے عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔