جموں 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے دوران پاکستانی افواج نے جموں ضلع میں ہند ۔ پاک سرحد پر رات بھر مورٹر شیلباری کی ۔ بی ایس ایف کی جانب سے فائرنگ کا جواب بھی دیا گیا ۔ بی ایس ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس کی جانب سے جموں ضلع کے ارنیا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ہندوستانی سرحدی آوٹ پوسٹس کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی گئی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے 82 ایم ایم کے مورٹار شیلس داغے ہیں۔ اس فارئنگ کی وجہ سے سرحد ات کے قریب واقع گاووں کے عوام میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ عہدیدار نے کہا کہ بی ایس ایف کے دستوں نے بھی جو سرحدات کی حفاظت پر متعین ہیں فوری ٹھکانے سنبھال لئے اور فائرنگ کا جواب دیا ۔ یہاں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا تھا جو صبح 5 بجے بند ہوا ۔ عہدیدار کے بموجب اس کے بعد سے فائرنگ نہیں ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ تو عمل میں آیا تاہم اس میں سرحد کے دونوں جانب کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیںہے ۔