خواتین واسکولی بچیوں نے راکھیاں باندھیں
جموں،26اگست (سیاست ڈاٹ کام )ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی بھائی بہن کے مقدس رشتہ کا تہوار’رکھشا بندھن عقیدت واحترام کے ساتھ منایاجارہاہے ۔بین الاقوامی سرحدپر ملک کی حفاظت پرمامور فوجی اہلکاروں کو اسکولی بچیوں اور مقامی خواتین نے راکھیاں باندھیں ،پیشانی پر تلک لگایا اور مٹھائی کھلائی۔پونچھ کے گاؤں جلاس اور کے جی سیکٹر میں خواتین نے آرمی جوانوں کو راکھیاں باندھ کر پیغام محبت دیا۔ انہیں مٹھائی بھی کھلائی۔ادھر جموں کے ارنیہ سیکٹر، سچیت گڑھ سیکٹر، پرگوال، رام گڑھ میں بین الاقوامی سرحد پر سکولی بچیوں اور خواتین نے بی ایس ایف اہلکاروں کی کلائی پر راکھیاں باندھیں۔ اس موقع پر انتہائی جذباتی لمحات دیکھنے کو ملے ۔ فوجی اہلکاروں کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بھی بہہ رہے تھے ۔علا وہ ازیں کئی مقامات پر ملٹری اسٹیشنوں پر بھی رکشابندھن کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد ہوئے ۔ادھر جموں شہر میں صبح سے ہی رکشابندھن کو لیکر کافی جوش وخروش دیکھنے کو ملا۔ شادی شدہ خواتین صبح سویرے اپنے بھائیوں کے گھروں کی طرف جاتے ہوئے نظر آئیں۔ خصوصی پوجا پاٹھ بھی کی گئی۔