جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند

جموں ،12دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی جموں سری نگر قومی شاہراہ پر بدھ کی صبح ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی۔ برف باری اور بارشوں سے ضلع رام بن کے کیلا موڑ اورپنتھیال کے مقامات پرچٹانیں گرآئی ہیں جس کی وجہ سے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے ۔ شاہراہ بند ہونے کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئی ہیں ۔ ٹریفک ذرائع کے مطابق بانہال جوہر ٹنل پر برف باری ہونے اورضلع رام بن کے کیلا موڑ ،پنتھیال کے مقام پر پسیاں گرنے کی وجہ سے جموں وکشمیر قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے اور گاڑیو ں کو احتیاطََ کئی مقامات پر روک دیا گیاہے ۔ شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق چندرکوٹ اور جکھینی کے مقام پر گاڑیوں کو احتیاطی پر روک دیا گیاہے ۔

ٹرک کی زد میں آنے سے جوڑے کی موت
پٹنہ، 12 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں پٹنہ ضلع کے منیر تھانہ علاقہ کے درویش پور گائوں کے نزدیک نیشنل ہائی وے نمبر 30 پر آج ٹرک کی زد میں آنے سے جوڑے کی موت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ منیر تھانہ کے ٹاٹا کالونی باشندہ منجے رائے (35) اپنی اہلیہ موتی جھری دیوی (30) کے ساتھ موٹر سائیکل سے جارہے تھے تبھی درویش پور گائوں کے نزدیک ٹرک نے موٹر سائیکل میں ٹکڑ مار دی۔ اس حادثہ میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی ذرائع نے بتایاکہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔