سرینگر ۔16 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر اور لداخ میں عوام کو صرف دو دن ہی سردی سے راحت ملی تھی لیکن اس کے بعد سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا جہاں درجہ حرارت نقطۂ انجماد تک پہنچ گیا ۔ سرینگر میں درجہ حرارت 1.5 ڈگری سیلسئس ریکارڈ کیاگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی گنڈ میں درجہ حرارت 0.1 ڈگری سیلسئس منفی چل رہا ہے جبکہ کپواڑہ ، پہلگام اور گلمرگ میں بھی رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ گلمرگ میں سیاحوں نے دو روز تک کم سردی کی وجہ سے اسکنیگ سے لطف اُٹھایا لیکن اب پھر سیاحوں نے ہوٹل میں ٹھہرنے کو ترجیح دی جبکہ چندی گڑھ اور ہریانہ سے ملنے والی خبروں کے مطابق یہاں سردی زیادہ تو نہیں ہے لیکن صبح سے لیکر دوپہر گیارہ بارہ بجے تک دھند کی دبیز چادر کی وجہ سے ٹریفک بہاؤ میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ سب سے زیادہ مشکل طلباء اور دفتر جانے والے افراد کو ہے۔ ہسار ، بھیوانی ، امرتسر ، لدھیانہ اور پٹیالہ میں بھی درجۂ حرارت معمول سے کچھ زیادہ ہے لیکن کہر سے دوپہر ایک بجے کے بعد ہی کاروبار شروع کئے جارہے ہیں ۔
کونڈانکلم پلانٹ کے دوسرے یونٹ میں جون تک پیداوار کا آغاز
چینائی ۔16 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کونڈانکلم نیوکلیر پاور پلانٹ (KNPP) کا 1000 میگاواٹ کا دوسرا یونٹ جاریہ سال جون تک نیوکلیئر توانائی کی پیداوار کا آغاز کردے گا ۔ یاد رہے کہ ایک سال قبل پلانٹ کے پہلے ری ایکٹر کے توانائی کی پیداوار کا آغاز کیا تھا ۔ اٹامک انرجی کمیشن (AEC) صدرنشین رتن کمار سنہا نے ایرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کونڈانکلم پلانٹ کا دوسرا یونٹ جاریہ سال مئی یا جون تک پیداوار کا سلسلہ شروع کرے گا ۔ انھوں نے کہا کہ پہلے یونٹ میں پیداوار کی مکمل گنجائش عنقریب پیدا ہوجائے گی اور ریاست تمل ناڈو کو اس کا حصہ ملتا رہے گا ۔