جمعہ کے پیش نظر رائے دہی کے وقت میں توسیع پر غور

حیدرآباد۔6 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے تیقن دیا کہ 7 ڈسمبر کو جمعہ کے پیش نظر مسلمانوں کو رائے دہی کے سلسلہ میں سہولت پیدا کرنے مقررہ وقت میں اضافہ پر غور کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران 7 ڈسمبر کو جمعہ اور مسلمانوں کی جمعہ کے بارے میں توجہ مبذول کروائی گئی تو انہوں نے کہا کہ کمیشن نے آج ہی تاریخوں کا اعلان کیا ہے، ابھی اس بارے میں غور نہیں کیا گیا۔ جمعہ کے پیش نظر رائے دہی کے وقت میں اضافہ کی کوئی تجویز موصول ہوتی ہے تو کمیشن جائزہ لے گا۔ انہوں نے 6 ڈسمبر کو بابری مسجد کی یوم سیاہ کے سلسلہ میں مکمل چوکسی کا تیقن دیا اور کہا کہ 6 ڈسمبر ہر سال آتا ہے اور کوئی امن و ضبط کا مسئلہ پیدا نہیں ہوتا۔ اگر گڑبڑ سے متعلق کوئی اطلاعات ملتی ہیں تو کمیشن چوکسی اختیار کرلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو اسی صورت میں چوکسی بڑھادی جائے گی۔