جمعہ کی نماز کیلئے جانے والے امام پر حملہ

واشنگٹن ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک مسلمان مبلغ جو جمعہ کا خطبہ دینے کیلئے ایک مسجد کی جانب جارہے تھے انہیں راستہ میں ایک نامعلوم شخص نے گھونسہ رسید کردیا۔ رشید ڈار جو بروکنگس تھنک ٹینک میں ایک محقق ہیں، اپنے بھائی کے ساتھ جمعہ کے روز روایتی ا سلامی لباس جس میںسیاہ رنگ کی قبا بھی تھی، ڈیوپونٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب تھے کہ ایک شخص اچانک ان کے سامنے آیا اور زوردار گھونسہ رسید کردیا۔ رشید ڈار کے بھائی نے حملہ آور کا تعاقب کیا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ دریں اثناء ایک مقامی نیوز ویب سائیٹ نے رشید ڈار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان پر حملہ کئے جانے کی وجہ ان کا اسلامی لباس تھا۔ جمعہ کے روز میں بڑے اہتمام کے ساتھ اسلامی لباس زیب تن کرتا ہوں جو کسی بھی مسلمان کیلئے قابل فخر بات ہے۔ لہٰذا اس واقعہ پر بھلا مجھے معذرت خواہی کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کی رپورٹ پولیس میں درج کروائی ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک 9/11 کے بعد بھی اتنا نہیں کیا گیا جتنا اب کیا جارہا ہے۔ ان کی اہلیہ جو اسکارف پہنتی ہیں، انہیں بھی اکثر و بیشتر اسلاموفوبیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم وہ اس کی پرواہ نہیں کرتیں۔