مقبوضہ بیت المقدس : غزہ میں مسلسل چوتھے جمعہ کو بھی ہزاروں فلسطینیوں نے اپنے حقوق کے لئے مظاہرہ کیا۔امن مظاہرہ کرنے والے نہتے مظاہریں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے ۲؍ فلسطینی شہید او ردرجنوں زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ۲۴؍ سالہ احمد راشد گولی لگنے سے شہید ہوگئے اور ان کی میت اسپتال منتقل کی گئی ۔ دوسرے شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت احمد ابو عقیل کے نام سے ہوئی جنہیں سر میں گولی لگنے سے شہید ہوگئے ۔جمعہ کو مظاہرین نے بڑی پتنگیں اڑا کر انوکھا احتجاج کیا ۔پتنگوں کے ساتھ ایسے صفحات چسپاں تھے جس پرتحریر تھاکہ’’اسرائیلیوں کے لئے فلسطین میں کوئی جگہ نہیں ہے او رناجائز ختم کیا جائے۔‘‘
اے ایف پی کے مطابق ۳ ؍ نوجوان لڑکے ایک بڑی پتنگ لے کر سرحد کی جانب گئے اور سرحد سے کچھ دور انھوں نے بوتل کوآگ لگادی ۔
اس بارے میں ۱۶؍ سالہ عبد اللہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم اسرائیل کو پتنگ کے ذریعہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم اس قبضہ کے خلاف ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بھی جوابی پیغام میں پمفلٹس سرحد کے قریب پھینکے جن میں مظاہرین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ سرحد سے دور رہیں ورنہ انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ ۳۰؍ مارچ سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک میں اب تک اسرائیلی فائرنگ سے ۳۷؍ کی موت ہوچکی ہے۔