حکومت تلنگانہ نے اواخر ہفتہ کے دو دن شراب نوشی کا وقت بڑھادیا
حیدرآباد کو عالمی شہر بنانے کی کوشش!
حیدرآباد /3 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) کمشنر نشہ بندی و آبکاری نے شہر کے بار رسٹورنٹس اور دیگر شراب قانوں میں اواخر ہفتہ کے دو روز جمعہ اور ہفتہ کو شراب کی فراہمی کے وقت میں مزید ایک گھنٹے کی توسیع کی ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے جمعہ اور ہفتہ کی راتوں میں شراب نوشی کا وقت بڑھانے کے فیصلے کو جمعرات کی شب منظوری دی ۔ کمشنر نشہ بندی و آبکاری کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں تمام بار اور رسٹورنٹس اپنے گاہکوں کو اب رات ایک بجے تک شراب سربراہ کرسکتے ہیں ۔ تاحال 10.30 بجے رات تک شراب سربراہ کی جاتی تھی اور شراب کی ریٹیل دوکانات پر 11 بجے رات تک شراب فروخت کی جاتی تھی ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ شراب قانوں اور رسٹورنٹس کے مالکین نے 3 بجے رات تک شراب نوشی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ لیکن صرف ایک گھنٹہ کا اضافہ کیا گیا ۔ چنانچہ بارس ، پبس 10 بجے دن تا رات ایک بجے شراب سربراہ کرسکتے ہیں ۔ 2014 کے اواخر تک بارس میں شراب نوشی اور شراب کی سربراہی کا آخری وقت 10 بجے شب تھا ۔ اگست 2015 میں ایک گھنٹہ کی تسیع کے ساتھ آخری وقت 12 بجے رات مقرر کیا گیا اور اب ایک بجے رات تک توسیع کی گئی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت حیدرآباد کو عالمی شہر میں تبدیل کرنے کے اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر شہر میں شراب نوشی اور شراب کی سربراہی کے وقت میں بتدریج اضافہ کر رہی ہے ۔