جمشید پور میں دن کا کرفیو برخاست ، عام حالات بحال

مفرور اشرار کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی مہم
جمشید پور ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مشرقی سنگھ بھوم ضلع انتظامیہ نے آج جمشید پور میں حالات پر امن ہونے کے بعد کرفیو میں نرمی کردی ۔ جب کہ سیکوریٹی فورسیس سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ علاقہ مانگو میں پیر کی شب چھیڑ چھاڑ کے واقعات پر شہر میں گروہی تصادم اور دکانات کو آگ لگادی گئی تھی ۔ جس کے دوسرے دن وشوا ہندوپریشد نے بند منانے کا اعلان کیا تھا ۔ ضلع انتظامیہ نے فسادات سے متاثرہ پولیس اسٹیشن مانگو ، آزاد نگر ، الوڈہ اور ایم جی ایم میں صبح 9  بجے تا 4 بجے شام اور باقیماندہ پولیس اسٹیشن میں 6 تا 8 بجے شام کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر امیتابھ کوشل اور سینئیر پولیس سپرنٹنڈنٹ انوپ ٹی میتھو نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ کرفیو کے پیش نظر آج بھی تمام اسکولس اور کالجس بند رکھے گئے جب کہ کرفیو میں نرمی کے دوران صورتحال حسب معمول رہی ۔ دکانات ، مارکٹس اور دفاتر ، بینکس اور پٹرول پمپس کھول دئیے گئے اور سڑکوں پر ٹریفک بھی دیکھی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ فولادی شہر جمشید پور کے حساس علاقوں میں سیکوریٹی فورس کی چوکسی برقرار ہے ۔ مسلم برادری نے آج پرامن طریقہ سے نماز جمعہ ادا کی اور گذشتہ دو یوم سے شہر کے کسی بھی علاقہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے اور مفررو اشرار کو پکڑ کر ثبوت اکھٹا کرنے کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھی 30 افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلہ میں اب تک جملہ 133 افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں ۔