جمال خشوگی سے متعلق سعودی کو جوابدہ بنایا جائے : واشنگٹن پوسٹ

واشنگٹن ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے معروف اخبار کے اداریہ کے مطابق امریکہ کو سودی عرب سے لاپتہ اور مبینہ طور پر قتل کردیئے گئے صحافی جمال خشوگی کے متعلق جواب طلب کرنا چاہئے اور اگر سعودی حکومت اس جانب کوئی تعاون نہیں کرتی تو اسے سزاء دینی چاہئے۔ یاد رہیکہ خشوگی واشنگٹن پوسٹ کیلئے بھی کالم نگاری کیا کرتے تھے اور سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے زبردست نقاد تھے۔ استنبول کی ایک قونصلیٹ میں سعودی عہدیداروں کے ساتھ ایک اپائنٹمنٹ ملاقات کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔ ترک حکومت کے ایک ذریعہ کا کہنا ہیکہ پولیس کا ایقان ہیکہ صحافی خشوگی کا قتل کردیا گیا ہے جس کی سعودی حکومت نے تردید کی ہے۔ اپنے اداریہ میں واشنگٹن پوسٹ نے کہا کہ امریکہ کو اب خشوگی کے لاپتہ ہونے سے متعلق تمام حقائق سعودی عرب سے معلوم کرنے کیلئے اپنے موقف کو سخت اور واضح کردینا چاہئے۔