جماعت الدعوہ میڈیکل ٹیم کشمیر سفرکی خواہاں

آج ہندوستانی ویزا کیلئے درخواست پیش کئے جانے کا امکان
لاہور ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی دہشت گرد حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کی زیرقیادت تنظیم کا ایک 30 رکنی وفد جس میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں، کل ہندوستانی ویزا کیلئے درخواست دے گا تاکہ کشمیر میں زخمیوں کو علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ جماعت الدعوہ کے ایک عہدیدار احمد ندیم نے بتایا کہ مسلم میڈیکل مشن (جماعت الدعوہ) کی 30 ڈاکٹرس و پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیم منگل کو ہندوستانی ویزا کے لئے درخواست دے گی۔ اس کا مقصد کشمیر پہنچ کر وہاں ہندوستانی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والوں کو طبی سہولیات مہیا کرنا ہے۔ ماہرین امراض چشم بھی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے جو ان بے شمار افراد کا علاج کریں گے جن کی آنکھیں زخمی ہوئی ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ موجودہ حالات میں اسلام آباد میں ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے جماعت الدعوہ کی درخواست کیونکر قبول کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم میڈیکل مشن اس ضمن میں پاکستانی حکومت سے مدد طلب کرے گا۔ اس دوران مشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال چودھری نے کہا کہ اگر حکومت ہند میڈیکل ٹیم کو سرینگر پہنچ کر زخمی کشمیری عوام کے علاج کی اجازت نہ دے تو اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ چودھری نے دعویٰ کیا کہ زخمی کشمیریوں کے علاج کیلئے وہاں تک پہنچنا ہماری ذمہ داری ہے کیونکہ حکومت ہند زخمیوں کو پوری طرح علاج فراہم نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی ڈاکٹرس کی سہ رکنی ٹیم زخمیوں کا علاج کئے بغیر ہی سرینگر سے واپس ہوگئی۔ کشمیر میں تشدد پر ہندوستان کے خلاف تقریباً 40 مذہبی جماعتیں فاع پاکستان کونسل کے بینر تلے 31 جولائی کو لاہور تا واگھا سرحد احتجاجی مارچ منظم کررہی ہیں۔ جماعت الدعوہ اس کونسل کی اہم جماعت ہے۔