جماعت اسلامی پر پابندی کیخلاف کشمیر یونیورسٹی میں احتجاج

سری نگر، 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جماعت اسلامی جموں کشمیر پر عائد پانچ سالہ پابندی کے خلاف آج کشمیریونیورسٹی کے طلباء نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی جموں کشمیر پر حکومت کی طرف سے پانچ سالہ پابندی کے خلاف بدھ کے روز یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے درجنوں طلباء نے شعبہ تاریخ سے شعبہ ہیومنیٹیز تک ایک ریلی نکالی جس دوران طلباء نعرہ بازی کررہے تھے ۔ احتجاجی طلبانے بینرس اٹھارکھے تھے جن پر ‘جماعت اسلامی پر پابندی، اسلام پر پابندی’ اور ‘ہم جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں’ کے نعرے لکھے تھے ۔ ایک احتجاجی طالب علم نے کہا کہ احتجاجی ریلی شعبہ ہیومینٹیز میں پُر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پانچ سالہ پابندی عائد کی ہے ۔ جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پابندی کے بعد وادی میں جملہ سیاسی، مذہبی، سماجی و تجارتی تنظیموں کی طرف سے جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پابندی عائد کرنے کے خلاف احتجاجوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے ۔