جلگاؤں ( مہاراشٹرا ) ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے ض؛ع جلگاوں کی بھوساول تحویل میں دو متحارب گروپس میں تصادم کے نتیجہ میں ایک صحافی کے بشمول پندرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ متحارب گروپس نے ایک میوہ کی دوکان کو بھی نذر آتش کردیا اور علاقہ میں چند مکانات پر سنگباری کی ۔ ان واقعات میں ایک صحافی کے بشمول پندرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد فسادیوں نے قومی شاہراہ پر ایک ٹرک کو بھی نذر آتش کردیا اور ایک کار کے علاوہ کچھ موٹر بائیکس کو بھی نقصان پہونچایا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ دو ماہ قبل ہوئے ایک تنازعہ کا نتیجہ ہے جب گنیش آتما رام دھنگر نامی ایک شخص نے کچھ جانوروں کی منتقلی پر اعتراض کرتے ہوئے گاڑی روک دی تھی ۔ اس کا الزام تھا کہ ان جانوروں کو غیر قانونی ذبیحہ کیلئے منتقل کیا جا رہا ہے ۔ اس وقت پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم اس وقت سے ہی وہ مفرور ہے اور گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔