جلوس بی بی کے علم میں ہاتھی بدک گیا ، مہاوت کا فوری کنٹرول

محکمہ جنگلات کی لاپرواہی ، جلوس سے قبل سراسمیگی
حیدرآباد۔2اکٹوبر(سیاست نیوز) بی بی کے علم کے آغاز میں محکمہ جنگلات کی جانب سے کی گئی لاپرواہی کے سبب تاخیر ہوئی اور جلد بازی کے دوران ہاتھی کے بدک جانے کے سبب بی بی کے علم کے جلوس کے آغاز سے قبل کچھ سراسمیگی پھیل گئی ۔بی بی کے علم کے جلوس کے آغاز سے قبل حسب روایت مجلس عزاء کے فوری بعد علم مبارک کی برآمدگی کا عمل شروع ہو گیا لیکن اس وقت تک بھی ہاتھی بی بی کے علم کو نہیں پہنچا لیکن نصف گھنٹے کی تاخیر کے بعد جب ہاتھی بی بی کے الاوہ کے باب الداخلہ پر پہنچا تو جب علم کو ہاتھی پر سوار کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے تھی کہ ہاتھی نے گول گھومتے ہوئے چھنگاڑنا شروع کردیا اس وقت مجاور جناب سید علی الدین عارف اور علمبردار جناب سید قمر حسن رضوی ہاتھی پر سوار ہو چکے تھے ۔مہاوت نے ہاتھی کو کنٹرول کرنے کی کامیاب کوشش کی جس کے نتیجہ میں اندرون چند منٹ ہاتھی کو کنٹرول کرلیا گیا لیکن اس دوران جلوس میں موجود لوگوں کوکنٹرول کرنے میں پولیس کو کافی دشواریاں پیش آرہی تھیں ۔جناب فراست علی باقری نے محکمہ جنگلات اور امور مذہبی کے ذمہ داروں کو اس واقعہ کے لئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے کی جانے والی تاخیر کے سبب بی بی کے علم کا جلوس تاخیر سے شروع ہوا جبکہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مذہبی امور کی جانب سے موصول مراسلت کے مطابق ہی ہاتھی کو پہنچانے کا وقت طئے کیا گیا تھا۔جلوس کے آغا ز سے قبل ہی ہاتھی کے بدکنے اور زور زور سے چنگھاڑنے کے سبب محکمہ جنگلات اور محکمہ پولیس کے خصوصی دستوں نے جلوس کے اختتام تک ہاتھی کے اطراف خصوصی نگرانی انجام دی تاکہ کوئی ناگہانی واقعہ نہ پیش آئے ۔