جلوس اربعین میں ہزاروں افراد کی شرکت

حیدرآباد 14 ڈسمبر (پریس نوٹ) پرانے شہر میں چہلم شہدائے کربلا نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی انجمن ماتمی گروہان حیدرآباد کی جانب سے تاریخی ماتمی جلوس ٹھیک ایک بجے دن جعفری مسجد کوٹلہ عالیجاہ سے برآمد ہوا۔ مرکزی انجمن کے صدر جناب نجف علی شوکت کے بموجب ہزاروں مومنین نے والہانہ عقیدت کا ثبوت دیا۔ پڑوسی ریاستوں چینائی، کرناٹک، مہاراشٹرا کے علاوہ دہلی اور لکھنؤ سے بھی مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے جلوس اربعین میں شرکت و سینہ زنی کی۔ ماتمی جلوس میں 17 انجمنوں اور گروہان نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔ مرکزی انجمن کے عہدیداران مسرز امیر علی رضوی شہنواز، مظہر علی خان، حقائق علی خاں، اسد اللہ بیگ تقی، نجابت حسین عابدی، امیر علی چھوٹے بھائی کی نگرانی میں علم مبارک کو ملایا گیا۔ مرکزی انجمن کے صدر جناب نجف علی شوکت نے محکمہ پولیس نے تمام محکمہ جات آبرسانی، برقی و بلدیہ کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا ہے جنھوں نے جلوس اربعین کے موقع پر مرکز کی درخواست پر بہتر انتظامات کئے۔ اس کے علاوہ متعلقہ رکن پارلیمنٹ سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔ جلوس کے پرامن انعقاد کے لئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ زون ستیہ نارائنا کی نگرانی میں ایڈیشنل ڈی سی پی بابو راؤ، اے سی پی میرچوک گنگادھر کے علاوہ انسپکٹر پولیس مغلپورہ، میر چوک، دبیرپورہ ، رین بازار و دیگر پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ عملہ نے قابل ستائش بندوبست کیا۔