نئی دہلی 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممتا بنرجی کو شرمندہ کرنے کے دو دن بعد مخالف بدعنوانی جہدکار انا ہزارے نے آج کہاکہ اُنھوں نے مشترکہ جلسہ عام سے اِس لئے خطاب نہیں کیا کیونکہ اُس میں حاضرین کی تعداد 4 ہزار سے بھی کم تھی۔ اُنھیں گمراہ کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے ممتا بنرجی کی تائید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اُن کی پارٹی کے لئے کوئی تائیدی مہم نہیں چلائیں گے۔ رام لیلا میدان پر مشترکہ جلسہ عام میں عدم شرکت کے بارے میں اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اُنھوں نے پریس کانفرنس میں کہاکہ حاضرین کی تعداد بہت کم تھی، اِس لئے اُنھوں نے جلسہ میں شرکت نہیں کی۔ قبل ازیں اُن کے قریبی ساتھیوں نے اُن کی بیماری عدم شرکت کی وجہ بتائی تھی۔انا ہزارے نے کہاکہ اتنے کم حاضرین کے باوجود اِنھیں جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، یہ اُن کی غلطی تھی بلکہ دھوکہ دہی تھی۔ وہ ایک رات قبل اِسی مقصد سے نئی دہلی پہونچے تھے۔ ممتا بنرجی اور مجھے دونوں کو بھی غلط اطلاعات فراہم کی گئی تھیں۔ قبل ازیں انا ہزارے وزارت عظمیٰ کیلئے ممتا بنرجی کی تائید کرچکے ہیں کیونکہ اُنھوں نے اُن کے 17 نکاتی پروگرام کو قبول کرلیا تھا۔