جلسوں اور جلوسوں کی اجازت کیلئے ’’سنگل ونڈو سسٹم‘‘ ،

نئی دہلی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دفتر شاہی کے سرخ فیتہ کو کاٹ دینے کے مقصد سے الیکشن کمیشن نے آج احکام جاری کئے کہ تمام پارلیمانی نشستوں میں امیدواروں کی منظوری اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کے لئے عام جلسوں اور جلوسوں کی اجازت دینے کے لئے ’’سنگل ونڈو سسٹم‘‘ قائم کیا جائے۔ تمام چیف الیکٹورل آفیسرس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کمیشن نے کہاکہ تمام ریٹرننگ آفیسرس کو چاہئے کہ سنگل ونڈو اجازت کا شعبہ قائم کریں تاکہ سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو جلسے منعقد کرنے اور انتخابی مہم چلانے کی اجازت دی جائے۔ اِس کے لئے گاڑیوں کے استعمال اور غیر تجارتی ایرپورٹس اور ہیلی پیاڈس کے استعمال کی اعلیٰ سطحی انتخابی مہم چلانے والے افراد کے لئے اجازت کی ذمہ داری بھی اِسی سسٹم کو دی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسرس کو مخلص ارکان عملہ تعینات کرنے ہوں گے تاکہ ایسی درخواستوں پر غور کریں اور اپنی سفارش کے ساتھ نوڈل آفیسرس یا دیگر محکموں کو مناسب کارروائی کیلئے روانہ کریں۔