حیدرآباد۔/28اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہریتا ہارم پروگرام کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے نوڈل آفیسر کے طور پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کا تقرر کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے جی او آر ٹی 61 جاری کیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے ہریتا ہارم پروگرام کے تحت تین برسوں میں 230کروڑ پودوں کی شجرکاری کا منصوبہ بنایا ہے اور اس میں سرکاری محکمہ جات، مجالس مقامی اور کارپوریشنوں کو شامل کیا گیا۔ حکومت نے جولائی 2015ء کے پہلے ہفتہ کو ’ گرین ویک‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام میں تمام محکمہ جات کی شمولیت کو یقینی بنانے محکمہ جی اے ڈی نے رہنما خطوط جاری کئے۔ حکومت نے پروگرام پر کامیاب عمل آوری کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کے محکمہ جاتی نوڈل آفیسر کی حیثیت سے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کا تقرر کیا ہے۔ وہ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کا ایکشن پلان تیار کریں گے۔ نوڈل آفیسر تلنگانہ ہریتا ہارم پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لینگے ۔ وہ پروگرام کے سلسلہ میںضلع کلکٹرس سے مشاورت کریں گے اور ضلع کلکٹر و اسٹیٹ سطح کے نوڈل آفیسر کے درمیان رابطہ کار کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔