اداروں کی کارکردگی سے آگہی ، عہدیداروں سے وضاحت طلب ، وقف بورڈ میں شفافیت کا امکان
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) جناب محمد جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) نے آج اسپیشل آفیسر وقف بورڈ اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے عہدوں کا جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے وقف بورڈ اور اقلیتی بہبود کے دفاتر پہنچ کر جائزہ حاصل کیا اور ان اداروں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ حکومت نے کنزرویٹر آف فاریسٹ کے عہدہ پر فائز جناب جلال الدین اکبر کو وقف بورڈ اور اقلیتی بہبود کی اہم ذمہ داری تفویض کی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے آج احکامات جاری کرتے ہوئے محمد جلال الدین اکبر کو اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے عہدہ کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ وہ اس عہدہ پر چھ ماہ یا پھر وقف بورڈ کی تشکیل جدید تک برقرار رہیں گے۔ احکامات کے مطابق اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے وقف ایکٹ میں موجود تمام اختیارات کے استعمال کا مجاز گردانا گیا ہے۔ ایسے وقت جبکہ وقف بورڈ میں گذشتہ دیڑھ ماہ سے اسپیشل آفیسر کی عدم موجودگی کے باعث کارکردگی ٹھپ ہوچکی تھی اور مختلف شکایات وصول ہورہی تھیں جناب جلال الدین اکبر کے جائزہ حاصل کرنے سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ وقف بورڈ کی کارکردگی میں شفافیت پیدا کرنے اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے قدم اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ 18جون کو جناب شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس) کی اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے میعاد مکمل ہوگئی جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ اگرچہ حکومت نے جناب جلال الدین اکبر کے تقرر سے متعلق اب تک تین مرتبہ احکامات جاری کئے تاہم بعض تکنیکی وجوہات کی بناء پر وہ جائزہ حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے آج دونوں عہدوں کا جائزہ حاصل کرتے ہی سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم سے ملاقات کی اور محکمہ کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جناب جلال الدین اکبر نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ کارکردگی کا جائزہ لیا اور بعض وضاحتیں طلب کیں۔ وہ بورڈ کی کارکردگی کو بے قاعدگیوں سے پاک کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔