جـھلـکـیـاں

٭ سیاست و ایم ڈی ایف کے زیراہتمام ریجنسی گارڈن فنکشن ہال آصف نگر روڈ پر رشتوں کے انتخاب پر منعقدہ دو بہ دو پروگرام کے 52 ویں پروگرام میں تقریباً 5000 ہزار والدین اور سرپرستوں نے شرکت کی۔
٭ کئی والدین و سرپرستوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار اس نوعیت کے پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔
٭ ملے پلی، حبیب نگر، وجئے نگر کالونی، آصف نگر، مہدی پٹنم، ہمایوں نگر، جھرہ، مراد نگر، ٹپہ چبوترہ کے علاوہ پرانے شہر کے کئی علاقوں سے والدین نے شرکت کی۔
٭ پہلی مرتبہ شہر کے دو ممتاز عالم دین مولانا مفتی محبوب شریف نظامی اور مولانا عبدالملک مظاہری نے دو بہ دو ملاقات پروگرام میں بصیرت افروز خطاب کیا۔
٭ جناب عامر علی خان جلسہ کے آغاز سے قبل پہنچ چکے تھے اور اختتام تک نہایت صبر و سکون کے ساتھ تقاریر کی سماعت کرتے رہے۔ انھوں نے شہر حیدرآباد کے دو بہ دو پروگرام میں پہلی بار شرکت کی۔
٭ جناب فیصل بن علی القعیطی پروپرائٹر رائل ریجنسی گارڈن کو کئی والدین اور سرپرستوں نے اس پروگرام کے انعقاد کے لئے مبارکباد دی اور ان کے جذبہ خدمت کی ستائش کی۔
٭ شادی خانہ میں کونسلنگ کے لئے ایک وسیع ہال میں راؤنڈ ٹیبلس ترتیب دیئے گئے تھے جہاں لڑکے اور لڑکیوں کے والدین نے نہایت صبر و سکون کے ساتھ ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا۔
٭ شادی خانے کے خوبصورت سبزہ زار پر بھی پروگرام کے شرکاء کے لئے راؤنڈ ٹیبلس اور کرسیاں رکھی گئی تھیں۔
٭ انجینئرنگ، گریجویٹس اور عقدثانی کے کاؤنٹر پر بڑا ہجوم دیکھا گیا۔
٭ باب الداخلہ پر لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے دو علیحدہ رجسٹریشن کاؤنٹرس بنائے گئے تھے۔ ایم اے قدیر کی نگرانی میں ان کاؤنٹرس پر صبح سے ہی والدین اور سرپرستوں کو رجسٹریشن کروانے میں مصروف دیکھا گیا۔ شادی خانے کے باہر کچھ دیر تک ٹریفک میں خلل رہا۔ تاہم پولیس کا وسیع تر بندوبست تھا۔ آصف نگر پولیس اسٹیشن کی پولیس فورس نے نہایت بہتر انتظامات کئے۔
٭ جناب عابد صدیقی نے شادی خانے کے انتظامات، اسٹاف، کونسلرس اور والینٹرس کا شکریہ ادا کیا اور شام 5 بجے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔