بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی انعقاد، تنظیم فوکس و ارشاد المسلمین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔یکم دسمبر، ( سیاست نیوز) آقائے دو جہاں سرور کونینؐ کی یوم ولادت باسعادت کے مسعود موقع پر تنظیم فوکس اور تنظیم ارشاد المسلمین کی جانب سے سنٹرل جیل چنچل گوڑہ سے 10قیدیوں کی رہائی کا نظم کیا گیا ہے۔ ان قیدیوں میں سے دو قیدیوں کو 3 ڈسمبر کو رہا کیا جائے گا۔ دیگر سات قیدیوں کی بھی رہائی کے لئے تمام تر کارروائی کی جارہی ہے۔ تنظیم فوکس اور تنظیم ارشادالمسلمین کے ذمہ داران مولانا مفتی قاسم تسخیر صدیقی، مولانا محمد احسن الحمومی اور مولانا محمد محسن الحمومی نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔ اس موقع پر جناب فصیح الدین ایڈوکیٹ بھی موجود تھے جنہوں نے ان قیدیوں کی رہائی کیلئے پیروی کی۔ مولانا محمد احسن الحمومی نے بتایا کہ میلادالنبیؐ کے مبارک و مسعود موقع پر آٹھواں بلڈ ڈونیشن کیمپ ہفتہ 2 ڈسمبر سنٹرل لائبریری آصفیہ افضل گنج اور عیدگاہ بالمرائی پیراڈائیز، سکندرآباد میں منعقد ہوگا۔ ان دونوں کیمپوں میں توقع ہے کہ دیڑھ تا دو ہزار سے زائد افراد اپنے خون کا عطیہ دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فوکس اور تنظیم ارشاد المسلمین کی جانب سے گزشتہ سات برسوں سے میلادالنبیؐ کے موقع پر خون کا عطیہ کیمپ بڑی کامیابی کے ساتھ منعقد ہورہا ہے جس میں خون کا عطیہ دینے والوں میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہوا کرتی ہے اور یہ خون تھیلیسما سکل سیل سوسائٹی کو سربراہ کیا جاتا ہے جہاں سے ضرورتمند افراد حاصل کرکے مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان اور بڑی عمر کے ایسے افراد جو اپنی کم علمی اور دوسرے معاملات کے ساتھ رانگ سائیڈ گاڑی چلانے کی پاداش میں گرفتار کئے جاتے ہیں اور ان کی پیروی کرنے والے کوئی نہیں ہوتے اور ضمانت کی رقم موجود نہیں رہتی جس کے لئے وہ برسوں سے جیل میں اپنی زندگی گذار رہے ہیں ان کی رہائی کیلئے تعاون کیا جارہا ہے۔ اس لئے اگلے سال 15 قیدیوں کی رہائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ رہا ہونے والے قیدیوں میں دو غیر مسلم قیدی بھی شامل ہیں اور تنظیم انسانیت کی بقاء اور رب کی رضا و خوشنودی کیلئے یہ کررہی ہے۔ فوکس اور تنظیم کے نصب العین میں یہ ہے کہ ’’ خون دیجئے۔ جان بچایئے‘‘۔ ’’ آپ کا نام نہیں جانتا، آپ نے اپنا خون دے کر میری جان بچائی‘‘۔ ’’ میری ماں کے آنسو بھی نہیں بچاسکے لیکن آپ کے خون کے قطرے بچاسکتے ہیں۔‘‘ اس نظریئے و فکر کے تحت کام جاری ہے۔ مولانا مفتی قاسم تسخیر قاسمی نے اسلام کے حیات آفرین پیغام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلام کا تصور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا، آپؐ نے جس طرح زندگی کے طور و طریق بتلائے وہیں خدمت خلق کے جذبہ کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں یہ ہوّا کھڑا کیا جارہا ہے کہ یہ قاتل اور خونی ہوتے ہیں لیکن تنظیم اس کو کالعدم کرتے ہوئے ظاہر کررہی ہے کہ مسلمان عدل و انصاف اور انسانیت کو خون دینے والے ہیں۔ اس موقع پر جناب شیخ فصیح الدین ایڈوکیٹ اور دوسرے موجود تھے۔