ہوٹل انتظامیہ کو رہنمایانہ ہدایت کی اجرائی، شراب نوشی اور ڈرگس کے استعمال پر انتباہ
حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن سال نو کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس نے سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں جس میں اسٹار ہوٹلس کے انتظامیہ نے رہنمایانہ ہدایت جاری کئے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق اسٹار ہوٹلس، کلبس، پبس نے مؤثر سیکوریٹی کے انتظامات کے علاوہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کو لازمی قرار دیا ہے۔ اسٹار ہوٹلس اور کلبس میں منعقد ہونے والے جشن سال نو کے دوران کسی بھی قسم کی عریانیت کی اجازت نہیں ہے جبکہ 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کو شراب کی سربراہی کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈرگس کے استعمال کی اطلاع پر پولیس، انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے کہا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس نے اپنی توجہ مرکوز کی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کیلئے محکمہ آبکاری کی مدد سے 50 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہیں شہر کے کئی علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں شہروں کے اہم فلائی اوورس کے علاوہ نکلس روڈ بھی 31 ڈسمبر کی شب بند کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہیکہ جشن سال نو پرامن طور پر منائے اور بے راہ روی سے گاڑیاں چلانے سے گریز کریں۔