جشن سال نو پر آوٹر رنگ روڈ اور تمام فلائی اوورس بند

پولیس کی سخت تحدیدات ، سی سی کیمروں سے ریکارڈنگ ، سائبرآباد کمشنر پولیس
حیدرآباد /28 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد حدود میں جشن سال نو سخت پولیس تحدیدات کے درمیان منایا جائے گا اور جشن کے تقاریب پروگرامس سی سی ٹی وی کیمروں کے سایہ میں منعقد کئے جائیں گے ۔ جبکہ آوٹر رنگ روڈ اور تمام فلائی اوور کو بند کردیا جائے گا ۔ یہ بات کمشنر آف پولیس سائبرآباد مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے بتائی ۔ انہوں نے آج جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کے پیش نظر اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد جو سال نو کا جشن منانا چاہتے ہیں اور تقریب منعقد کرتے ہیں اور جشن میں ڈی جے رکھنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قبل از وقت اس کی اجازت حاصل کریں ۔ کمشنر پولیس نے پبس ، رسٹورنٹ ، بارس اور شراب کی دوکانات کو مقررہ وقت پر اپنے کاروباری ادارے بند کردینے کی ہدایت دی اور احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے 120 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو 31 ڈسمبر کی رات چوکس رہیں گی ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے کہا کہ رات 9 بجے سے صبح 3بجے تک تمام فلائی اوورس اور آوٹر رنگ روڈ بند کردی جائے گی ۔ تاہم ایرپورٹ آنے جانے والوں کو جانچ کے بعد اجازت دی جائے گی ۔ انہوں نے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر نے بار اینڈ ریسٹورنٹ اور ہوٹل مالکین کو ہدایت دی کہ وہ نشہ کرنے والے افراد کو ان کے مکانات تک چھوڑنے کی ذمہ داری قبول کرلیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی تکلیف اور مسائل پر ڈائیل 100 کو فون کریں اور اطلاع دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی رفتار کو اسپیڈ لیزگن کے ذریعہ جانچ کیا جائے گا اور منشیات کے استعمال کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔