جشن تلنگانہ کی آج اختتامی تقریب

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست کے یوم تاسیس اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے سلسلہ میں ایک ہفتہ طویل جشن کا 7 جون کو شام 6 بجے ٹینک بنڈ پر منعقد ہونے والی عظیم الشان رنگا رنگ تقریب کے ذریعہ اختتام عمل میں آئے گا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ مسرس محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر ، ٹی سرینواس یادو وزیر کمرشیل ٹیکسیس کے مطابق اختتامی تقریب کے موقعہ پر پیپلز پلازا اور نظام کالج تا ٹینک بنڈ ایک لاکھ سے زائد افراد کی ریالیاں منظم کی جائیں گی ۔ انہوں نے جشن تلنگانہ کی اختتامی تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے کثیر تعداد میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کارکنوں و قائدین کے علاوہ تلنگانہ عوام سے شرکت کی اپیل کی ۔۔