جسٹس گنگولی کیخلاف صدارتی ریفرنس کوکابینی منظوری

نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جسٹس اے کے گنگولی کی مغربی بنگال انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے برخواستگی کیلئے درکار عمل میں آج پیشرفت ہوئی جبکہ مرکزی کابینہ نے اس مسئلہ پر سپریم کورٹ کو صدارتی ریفرنس بھیجنے کی تجویز منظور کرلی۔ کابینی فیصلوں کے بعد اخباری نمائندوں کو بریفنگ میں وزیر فینانس پی چدمبرم نے بتایا کہ وزارت امور داخلہ کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ ’’میرے پاس فی الحال مزید کوئی تفصیلات نہیں ہیں‘‘۔ کابینہ نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزام کی تحقیقات کیلئے ریفرنس بھیجنے سے متعلق تجویز منظور کی ہے ۔ دریں اثناء ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل اندرا جئے سنگھ نے کابینی منظوری کو ’’نہایت نمایاں‘‘ تبدیلی قرار دیا۔ سینئر خاتون عہدیدار نے کہا کہ کابینی فیصلے سے ضروری عمل کو جہت مل گئی ہے۔

امریکی ایمبیسی کیلئے ہندوستانی سکیوریٹی میں اضافہ
نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان نے دارالحکومت میں واقع امریکی ایمبیسی اور دیگر امریکی اداروں میں سکیوریٹی بڑھادی جیسا کہ 24 گھنٹیمیں 150 پولیس پرسونل کی تعیناتی رہے گی ۔ اپنے اداروں کی سکیوریٹی کے تعلق سے امریکی تشویش کو دور کرتے ہوئے جبکہ سینئر ہندوستانی سفارتکار دیویانی کھوبر گاڑے کی گرفتاری کے نتیجہ میں یہاں ایمبیسی کے باہر رکاوٹیں ہٹادی گئی تھیں ،سرکاری ذرائع نے آج کہا کہ کسی بھی وقت 50 پولیس پرسونل متعین رہیں گے ۔قبل ازیں ان اداروں کی سکیوریٹی کیلئے 24 گھنٹے کی مدت میں 120پولیس والے ہوا کرتے تھے۔