کولکتہ ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے سابق جج اشوک کمار گنگولی نے کہا کہ بحیثیت صدرنشین مغربی بنگال ہیومن رائٹس کمیشن استعفیٰ کے بارے میں انہوں نے ہنوز فیصلہ نہیں کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی تین ججس پر مشتمل کمیٹی نے انہیں خاتون وکیل کی جانب سے ڈسمبر 2012ء میں جنسی ہراسانی کے الزامات پر ماخوذ کیا ہے اور اس کے بعد سے ان کے استعفیٰ کے مطالبہ میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ جب گنگولی سے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ قبل ازیں مرکزی کابینہ نے جسٹس اے کے گنگولی کو بحیثیت مغربی بنگال ہیومن رائٹس کمیشن صدرنشین برطرفی کیلئے صدارتی حوالے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ تین ججس پر مشتمل سپریم کورٹ پینل کی جانب سے انہیں ماخوذ کئے جانے کے بعد سے استعفیٰ کے مطالبات میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ جسٹس گنگولی نے کہا کہ وہ مرکزی کابینہ کے فیصلہ پر فوری رائے نہیں دیںگے اور انہیں آئندہ لائحہ عمل کیلئے مزید وقت چاہئے۔