جسٹس نرسمہاریڈی حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے چانسلر مقرر

حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) سابق چیف جسٹس آف پٹنہ ہائیکورٹ جسٹس ایل نرسمہاریڈی کو صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے آج حیدرآباد یونیورسٹی کا چانسلر مقرر کیا ہے۔ جسٹس ریڈی جو جولائی 2015ء میں پٹنہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے ہیں، سی رنگاراجن کے جانشین ہوں گے۔ صدرجمہوریہ نے جو خود بھی یونیورسٹی کے وزیٹرس میں شامل ہیں، جسٹس ریڈی کو 3 سال کی مدت کیلئے حیدرآباد یونیورسٹی کا چانسلر مقرر کیا ہے۔ جسٹس ریڈی سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے چیرمین بھی ہیں۔ انہوں نے آندھراپردیش ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے 2001ء اور 2015ء کے درمیان خدمت انجام دی ہے۔ یونیورسٹی کے بیان میں بتایا گیا ہیکہ جسٹس ریڈی کو 6 ماہ کیلئے پٹنہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے مقرر کیا گیا تھا۔