جسٹس ماتھر ، ساتویں مرکزی پے کمیشن کے سربراہ مقرر

نئی دہلی 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے سابق جج اشوک کمار ماتھر ساتویں پے کمیشن کی قیادت کریں گے جو 50 لاکھ مرکزی ملازمین کی تنخواہوں اور 30 لاکھ وظیفہ یابوں کے مشاہرہ پر نظرثانی کرے گا۔ وزارت فینانس نے آج یہاں اپنے ایک بیان میں کہاکہ ’’وزیراعظم نے ساتویں مرکزی پے کمیشن کی تشکیل اور ہیئت ترکیبی کو منظوری دے دی ہے‘‘۔ اپریل ۔ مئی میں ہونے والے عام انتخابات کے شیڈول کی اجرائی اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل کمیشن کی تشکیل اور اُس کی ہیئت ترکیبی کا اعلان ناگزیر تھا۔ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج اشوک کمار ماتھر جو مسلح فورسیس کے ٹریبونل کی قیادت بھی کرچکے ہیں، اِس کمیشن کے چیرمین مقرر کئے گئے ہیں۔ اِس کمیشن کو دو سالہ مدت کے دوران اپنی رپورٹ پیش کرنا ہوتا ہے اور اِس کی سفارشات پر یکم جنوری 2016 ء سے عمل آوری کی جاسکتی ہے۔ کمیشن کے دیگر ارکان میں محکمہ تیل کے معتمد ویویک رائے (ہمہ وقتی رکن)، این آئی پی ایف پی کے ڈائرکٹر راتھن رائے (جزوقتی رکن) اور محکمہ مصارف میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مینا اگروال (سکریٹری) شامل ہیں۔