جسٹس رنجن گوگوئی کو نیاچیف جسٹس مقررکرنے پرہماری نیت پرشک نہ کریں: مرکزی حکومت

نئی دہلی۔20 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے پیر کو جسٹس رنجن گوگوئی کو اگلا چیف جسٹس مقرر کرنے کے معاملے پر وضاحت دی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اس کے ارادے پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ روایت کے مطابق پہلے عہدہ پر موجودہ چیف جسٹس نام بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کہنا ہے کہ تقرری کے بارے میں یہ سوال (جسٹس گوگوئی چیف جسٹس کے طور پر ) خیالی ہے۔ ایک روایت ہے۔ موجودہ چیف جسٹس کو اپنے جانشین کا نام آگے بڑھانا ہوگا۔ پہلے نام آئے، ہمارے ارادے پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ روی شنکر پرساد نے مودی حکومت کے 4 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔ اگلے سی جے آئی کے طور پر جسٹس گوگوئی کی تقرری پر سوال اس سال جنوری میں چار سب سے سینئر ججوں کی پریس کانفرنس کے بعد ابھرے ہیں، جس میں چیف جسٹس دیپک مشرا کی انتظامی امور پر خاص طور سے تنقید کی گئی تھی۔جسٹس جے چملیشور، رنجن گوگوئی، مدن بی لوکر اور کورین جوسف نے ہندوستان کے عدالتی تاریخ میں پہلی بار ایسا کیا تھا۔ جسٹس گوگوئی نے تب کہا تھا کہ چارجج عوام کی عدالت کے سامنے ہیں کیونکہ وہ ملک کے تئیں اپنا قرض ادا کرنا چاہتے تھے۔ روایت کے مطابق موجودہ چیف جسٹس اپنے جانشین کا نام آگے بڑھاتے ہیں۔
عصمت دری کے ملزم داتی مہاراج کی دہلی کرائم برانچ میں خودسپردگی
پالی۔20 جون (سیاست ڈاٹ کام) عصمت دری کے ملزم داتی مہاراج نے منگل کو دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے سامنے سرینڈر کردیا ہے۔ داتی سے کرائم برانچ پولیس معاملے میں تفتیش کررہی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق آج داتی مہاراج کی گرفتاری نہیں ہوگی۔ اس سے قبل خبرآرہی تھی کہ داتی مہاراج نے دہلی پولیس کے سامنے حاضر ہونے کے لئے ایک ہفتہ کا وقت مانگا تھا، جس میں دہلی پولیس نے دو دن کا وقت دیا تھا۔ اسی کے ساتھ دہلی پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر داتی مہاراج 20 جون تک حاضر نہیں ہوتے ہیں تو ان کے خلاف سرچ وارنٹ جاری کیا جائے گا۔